مریم نواز کی وطن واپسی ،ن لیگی رہنماوں کی دوڑیں ،پارٹی کارکنوں کو اہم ہدایات جاری


لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اورسابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازکی وطن واپسی کی خبروں کے ساتھ ہی مسلم لیگ ن نے اپنی پارٹی لیڈر کے تاریخی استقبال کے لئے سر جوڑ لئے ہیں جبکہ پارٹی قیادت نے مریم نواز کی وطن واپسی پر ن لیگی رہنماوں کو بھرپور استقبال کے لیے ہدایات جاری کر تے ہوئے ٹارگٹ بھی دے دیا ہے ۔
ُ’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق مریم نواز شریف رواں ماہ 29 جنوری کو وطن واپس پہنچیں گی،پارٹی قیادت کی جانب سے اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو مریم نواز کے تاریخی استقبال کے لئے ایک ایک ہزار کارکنان لانے کا ٹارگٹ دیا گیا۔سابق بلدیاتی نمائندوں کو یونین کونسل کی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے اور ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ مریم نواز ممکنہ طور پر جنوری کے آخری ہفتے میں پاکستان پہنچیں گی۔گزشتہ روز مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے بتایا تھا کہ مریم نواز 29 جنوری شام 4 بجے لندن سے لاہور پہنچیں گی۔دوسری طرف مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی وطن واپسی کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی، ان کے وطن پہنچنے پر پارٹی کی تنظیم نو کے لیے ڈیڑھ ماہ کا شیڈول تیار کر لیا گیا۔ذرائع ن لیگ کے مطابق سینئر نائب صدر ن لیگ وطن واپسی پر پریس کانفرنس میں سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گی، تنظیمی دوروں میں صوبائی قیادت ان کے ساتھ ہو گی، ن لیگ کا بیانیہ کیا ہو گا مریم پریس کانفرنس میں بتائیں گی۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع نے مزید بتایا کہ نواز شریف کی واپسی کا اعلان تنظیمی دوروں کے بعد ہو گا، مریم نواز ہی نواز شریف کی واپسی کا حتمی اعلان کریں گی، مسلم لیگ ن کی سیاسی قوت کیا ہے ؟جلد ہی باقی سیاسی جماعتوں کو بھی پتہ چل جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں