گورنر سندھ کی صحت کے حوالے سے تشویش ناک خبر آگئی

کراچی(سٹاف رپورٹر)مضر صحت کھانا کھانے سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی طبیعت بگڑ گئی،سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ،گورنر سندھ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) دھڑوں کے انضمام سے متعلق پریس کانفرنس میں بھی شریک نہیں ہوئے؟ایم کیو ایم کے تاریخی انضمام کے موقع پر گورنر سندھ جو اس اتحادکے لئے کوشاں تھے کی عدم شرکت نے سوالات کھڑے کردیئے تاہم دوسری طرف کامران ٹیسوری کے پریس سیکرٹری نے گورنر سندھ کی صحت کے حوالے سے خبروں کی تردید کی ہے ۔ ’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کسی کا بھجوایا گیا مضرصحت کھانا کھا لیا جس سے ان کی طبیعت بگڑ گئی اور سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے،مضر صحت کھانا کھانے سے ان کی طبیعت بگڑ گئی، انہوں نے الٹیاں بھی کیں اور سانس مسلسل خراب ہے،کامران ٹیسوری کو گورنر ہاو¿س میں زیر علاج رکھا گیا ہے، مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے ان کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک گر گیا ہے۔ گورنر سندھ کو کھلائے گئے کھانے کو ٹیسٹ کرانے کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے جبکہ انہوں نے اپنی تمام مصروفیات ترک کر دی ہیں ۔ یاد رہے کہ کامران ٹیسوری نے گورنر سندھ بننے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے دھڑوں اور پی ایس پی کے اتحاد کے لئے اپنی کوششیں تیز کردی تھیں۔کامران ٹیسوری ہی کی کوششوں سے ایم کیو ایم پاکستان ، ایم کیو ایم بحالی تحریک اور پاک سرزمین پارٹی کا اتحاد عمل میں آیا ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے دھڑوں اور پی ایس پی کے انضمام کے موقع گورنر سندھ کامران ٹیسوری موجود نہیں تھے۔اس حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمیں قریب لانے میں گورنرسندھ کا اہم کردار تھا، کامران ٹیسوری کی تقرری ایم کیو ایم پاکستان کی سفارش پر ہوئی لیکن وہ پورے سندھ کے گورنر ہیں۔دوسری طرف کامران ٹیسوری کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کی طبیعت کی خرابی کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔پریس سیکریٹری گورنر سندھ نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف کام کی زیادتی کے باعث ڈاکٹروں نے کامران ٹیسوری کو آرام کا مشورہ دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں