ایل پی جی کے بعد اوگرا نے گیس کی قیمتوں کو آگ لگا دی

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)مہنگائی سے ستائے شہریوں کے لئے ایک اور آفت آگئی،آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے جولائی 2022 سے گیس 74 فیصد مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے سوئی ناردرن کیلئے گیس 74 اعشاریہ چار دو فیصد، جب کہ سوئی سدرن کیلئے گیس 66 فیصد سے زائد مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
سوئی ناردرن کیلئے گیس 406 روپے 28 پیسے اور سوئی سدرن کے لیے 469 روپے 28 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔مجاز اتھارٹی کے فیصلے کا اطلاق وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہوگا۔وفاقی حکومت نے چالیس روز میں منظوری نہ دی تو اوگرا کے فیصلے پراز خود عمل درآمد ہو جائے گا۔اوگرا اعلامیے کے مطابق سوئی ناردرن کے لیے گیس کی اوسط قیمت 545 روپے 89 پیسے ایم ای بی یو ٹی ہے،جس کی نئی قیمت 952 روپے 17 پیسے کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق سوئی سدرن کے لیے گیس کی موجودہ قیمت 692 روپے 63 پیسے ہے، اب نئی قیمت 1 ہزار 161 روپے 91 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی منظوری دی گئی۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اوگرا نے گیس کی قیمت بڑھانے سے متعلق سوئی گیس کمپنیوں کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں