حکومت کا لگژری گاڑیوں کے لئے ایل سیز کی پابندی میں نرمی کا عندیہ

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)ملکی زرمبادلہ ذخائر میں خطرناک حد تک کمی کے باوجود حکومت نے 165 لگژری گاڑیوں کی بکنگ اور ان کے لیے ایل سیز کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق پاکستان میں ایک جانب سستے آٹے کی جستجو میں غریب مر رہا ہے تو دوسری جانب اشرافیہ کی عیاشیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں،حکومت نے ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں خطرناک حد تک کمی کے باوجود لگژری گاڑیوں کے لیے ایل سیز کی پابندی میں نرمی کا عندیہ دے دیا ہے۔ذرائع وزرات صحت کا کہنا ہے کہ 165 لگژری گاڑیوں کے لیے ایل سیز کا گرین سگنل دے دیا گیا،لگژری گاڑیوں کی قیمت 5 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔لگژری گاڑیوں کی بکنگ جنوری اور ڈلیوری مارچ میں ہوگی،پہلے مرحلے میں 65 اور دوسرے مرحلے میں 100 گاڑیوں کی بکنگ کی گئی ہے۔
دوسری جانب مقامی کار مینو فیکچررز کو خام مال کی ایل سیز کھولنے میں مشکلات کا سامنا ہے،ملک میں تین بڑی کار مینو فیکچررز نے اپنی پیداوار بند کر رکھی ہے۔ایل سیز کے لیے پریشان مقامی کار مینو فیکچررز نے متعلقہ وزارتوں اور وزیر اعظم سے ایل سیز کھولنے کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے چار ارب تک پہنچ گئے ہیں جو تین ہفتے کی امپورٹ کیلئے کافی ہیں،ری پیمنٹ کرنے کیلئے ہمارے پاس کچھ نہیں ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ایک کرکے تمام انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں،تیل اور اشیائے خوردو نوش کی جو ضروری درآمدات ہیں اس میں بھی مسائل آرہے ہیں،ہیلتھ انڈسٹری میں بھی قلت پیدا ہونا شروع ہوگئی ہے،ایسے میں حکومت ڈیڑھ دو لاکھ ڈالرز کی گاڑی آنے دے رہی ہے اور اس کیلئے سو ایل سیز کھول رہے ہیں تو آپ کیا اشارہ دے رہے ہیں،آپ کی کیا ترجیح ہے؟حکومت کی جانب سے اس وقت آپ کو پیسے بچا کر رکھنے چاہئیں اور لگژری بالکل سائیڈ لائن پر ہونی چاہئیے۔
دوسری طرف حکومتی فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ اس ملک میں بھوک ننگا ناچ رہی ہے،ان ظالموں نے ملک کا یہ حال کر دیا ہے کہ اب سستے آٹے کے سٹال پر ڈاکووں نے لوٹ مار شروع کر دی ہے،کیا اب عوام کو ضرورت اشیاء کی چیزیں لینے کے لئے سیکیورٹی ساتھ رکھنا پڑے گی؟یہ امپورٹڈ حکومت ملک کو کس طرف لے کر جا رہے ہیں؟ایک طرف غریب سسکتے بلکتے،قطاروں میں لگ کر آٹے کے حصول کی جستجو میں موت پا رہے ہیں جبکہ امپورٹڈ حکومت کی عیاشیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی،انہوں نے ملکی معیشت تباہ کرنے کے بعد اب 165 لگژری گاڑیوں کی امپورٹ کیلئے ایل سیز پابندی میں نرمی کا عندیہ دے دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں