ملک بھر میں ڈینگی کے تیزی سے پھیلاو نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

اسلام آباد(ہیلتھ رپورٹر)ملک بھر میں ڈینگی کے تیزی سے پھیلاو نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں صورتحال بے قابو ہونے لگی، جس کے باعث ڈینگی کیسز میں مزید اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کی صورتحال دن بہ دن خراب ہوتی جارہی ہے جس کے پیش نظر یومیہ ہزاروں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 38 ہوگئی جن میں سے 36کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ بھر میں 329کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 220کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ ضلع کورنگی 57، ضلع وسطی 55، ضلع شرقی 50، ضلع ملیر 28، ضلع غربی 4، ضلع جنوبی 15 اور کیماڑی 11کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے 36 افراد، حیدرآباد میں 1 اور میرپور خاص میں 1 شخص جان کی بازی ہار گیا ہے۔اس کے علاوہ رواں ماہ یکم ستمبر سے آج تک کراچی میں 6 ہزار 273 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ ماہ اگست میں کراچی بھر میں 1265 کیسز رپورٹ ہوئے۔محکمہ صحت سندھ کا مزید کہنا ہے کہ رواں سال سندھ بھر میں 10 ہزار 154 رپورٹ ہوچکے ہیں۔دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کی صورتحال بگڑتی ہوئی نظر آرہی ہے۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 8 ہزار 961 تک پہنچ گئی جبکہ ایکٹیو کیسز کی تعداد 2 ہزار 32 تک ہے۔محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پشاور سے 219 جبکہ مردان میں 60 کیسز سامنے آئے جبکہ اس وقت صوبے کے مختلف اسپتال میں ڈینگی کے 105 مریض زیر علاج ہیں۔محکمہ صحت کا مزید کہنا ہے کہ اب تک مجموعی طور پشاور سے سب سے زیادہ 3 ہزار 03 اور مردان سے 2 ہزار 337 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ صوبے بھر میں ڈینگی سے 8 افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں