جنرل ہسپتال لاہور کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری،کتنے لاکھ مریضوں کا علاج ہوا؟جانئے

لاہور(ہیلتھ رپورٹر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی بہتر سے بہتر خدمت کا عزم لاہور جنرل ہسپتال کے ہیلتھ پروفیشنلز کا طرہ امتیاز ہے،ماضی کی روایات کو بر قرار رکھتے ہوئے سال 2024 میں بھی مریض دوست پالیسیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے تا کہ پنجاب اوردوسروں صوبوں سے علاج معالجے کے لئے آنے والے افراد کو بر وقت طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق اس امر کا اظہار پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے جائزے اور اجراء کی منظوری کے لئے منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جہاں ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل،ڈائریکٹر ایمرجنسی خضر حیات گوندل،انتظامی ڈاکٹرز،ڈاکٹر لیلیٰ شفیق،ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر بھی موجود تھے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ انسانی جان سے بڑھ کر کوئی چیز مقدم نہیں ہو سکتی،ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس بیماروں کو بلا امتیاز معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت چاک و چوبند اور الرٹ رہیں۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ ایمرجنسی اور آوٹ ڈور میں 2023 کے دوران مجموعی طور پر 22,82,902 افراد کو بغیر پرچی فیس طبی و تشخیصی سہولیات فراہم کی گئیں نیز مخیر حضرات کے تعاون سے مریض و تیمار دار کو ناشتہ،دوپہر اور رات کا کھانا دینے کا سلسلہ بھی جار ی ہے۔ایم ایس ڈاکٹر ندرت سہیل نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے متعارف کروائے گئے نئے نظام کے تحت آوٹ ڈور مریضوں کا ڈیٹا محفوظ کیا جا رہا ہے اور یہ سسٹم مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی بارے مکمل آگاہی فراہم کرتا ہے جس سے شہریوں کا سرکاری ہسپتالوں پر اعتماد میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

پرنسپل جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے انتظامی ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے علاج معالجے کے ساتھ ساتھ ان کے لواحقین کے لئے بھی سہولیات کو مزید بہتر بنا ئیں اور مانیٹرنگ کے عمل کو مسلسل جاری رکھیں جبکہ ہسپتال کے ماحول کو صحت مند رکھا جائے کیونکہ صحت مند ماحول مریضوں کی جلد صحت یابی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے انتظامی ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ تمام شعبوں میں ڈسپلن اورحاضری کو یقینی بنائیں،صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کروایا جائے تاکہ ہسپتال آنے والے لوگوں کو مختلف تبدیلیاں نظر آئیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ پنجاب حکومت اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے انتظامی ڈاکٹرز اور ملازمین کو اپنے فرائض منصبی لگن اور دلجمعی کے ساتھ ادا کریں اور ادارے کی نیک نامی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے واضح کہا کہ گزشتہ سال کی طرح رواں برس میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سٹاف کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی۔اس موقع پر سینئر ڈاکٹرز نے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کی ہدایات کی رہنمائی میں ادارے کے معیار کو مزید بہتربنانے اور جنرل ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کو علاج معالجے کی خصوصی سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور ہسپتال کی سالانہ کارکردگی کو ٹیم ورک اور پروفیسر الفرید ظفر جیسے شاندار کپتان کی مرہون منت قرار دیا۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں