لیزر ٹریٹمنٹ جلد کیلئے کتنی خطرناک ہے؟معروف ماہر جلد نے خواتین کو خبردار کردیا


لاہور(خصوصی رپورٹ)معروف ڈرماٹالوجسٹ(ماہر امراض جلد)ڈاکٹر ذرا شاہ نے کہا ہے کہ چہرے کی جھریوں سے آپ کو خوف آنے لگا ہے تو ان کا حل لیزر تھیراپی میں موجود ہے، اس سے فائدہ ضرور اٹھانا چاہئے تاہم اس ضمن میں آپ کی سوچ اعتدال پر مبنی اور حقیقت پسندانہ ہونی چاہئے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر زرا شاہ کا کہنا تھا کہ خواتین اگر چہرے کے بالوں سے پریشان ہیں، پیدائشی نشانات یا ٹیٹیوز ان کے لئے وبال جان بن گئے ہیں یا چہرے کی جھریوں سے خواتین کو خوف آنے لگا ہے تو ان کا حل لیزر تھیراپی میں موجود ہے، اس سے فائدہ ضرور اٹھانا چاہئے تاہم اس ضمن میں آپ کی سوچ اعتدال پر مبنی اور حقیقت پسندانہ ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ لیزر سے مراد ایسی لائیٹ ہے جسے مختلف طریقوں سے سیٹ کر کے انرجی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے،اس میں جسم کی پوری جلدکے مختلف مسائل مثلاًچہرے کے بالوں کاخاتمہ اور جھریوں کو ٹھیک کیا جاتا ہے،جولوگ دھوپ میں زیادہ جاتے ہوں یا کسی اور وجہ سے ان کے ہاتھوں،پاوں یا جلد کے کسی اورحصے پر نشانات بن جائیں، انہیں لیزر تھیراپی تجویز کی جاتی ہے،اس کے علاوہ بعض لوگ جسم پر ٹیٹویاکوئی نام لکھواتے ہیں،جب ان کا اس سے دل بھر جاتا ہے تو انہیں ختم کروانے کے لیے ہمارے پاس آتے ہیں۔ڈاکٹر زرا شاہ کا کہنا تھا کہ جو لیزر بالوں کوختم کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے، وہ آنکھوں کے لیے بہت نقصان دہ ہے ، اگریہ آنکھوں میں چلی جائے تو انہیں متاثر کرے گی،یہ اگر آپ کے سامنے لگے آئینے سے ٹکرا کر واپس آنکھوں میں جائے تو بھی نقصان پہنچائے گی،جلد کے لحاظ سے فریکوئینسی اگر سیٹ نہ کی جائے تو یہ جلد کے لیے نقصان کا باعث بنتی ہے،اس کو استعمال کرنے کا اپنا ایک خاص طریقہ ہوتا ہے،اگر اس کو مدِنظر رکھاجائے تو نقصان نہیں ہوتا، بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ مریض ایک دن پہلے بیوٹی پارلر سے ٹریٹمنٹ کروا کر دوسرے دن لیزر کے لیے آ جاتا ہے اور لیزر کرنے والا بھی ان سے مکمل ہسٹری نہیں لیتا،اس صورت میں ان کی جلد وقتی طور پر کچھ متاثرہوسکتی ہے لیکن وقت کے ساتھ ٹھیک ہو جاتی ہے۔اس کے علاوہ اس کے کوئی مضر اثرات نہیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں