نیو یارک (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ریاست میسوری سے تعلق رکھنے والے 63 سالہ شخص کی آنت میں سے ڈاکٹر نے صحیح سالم مکھی برآمد کر لی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 63 سالہ امریکی شخص طبی معائنے کے لیے اسپتال پہنچا تھا جہاں ڈاکٹروں پر اس کی بڑی آنت میں مکھی کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔امریکن جرنل آف گیسٹرو اینٹرولوجی میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف میسوری اسکول آف میڈیسن کے ڈاکٹروں کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد کیس ہے۔ڈاکٹروں کی ٹیم کے مطابق انہوں نے آج تک اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں بیسیوں کیسز کے دوران نہ ایسے کیس سے متعلق سنا اور نہ دیکھا۔ڈاکٹرز نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں تشویش اس بات پر ہے کہ مکھی نے ٹرانسورس کولون تک اپنا راستہ کیسے تلاش کیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مریض کی جانب سے اس انکشاف پر حیرانی کا اظہار کیا گیا ہے، مریض کے مطابق اسے غلطی سے کبھی مکھی نگلنا یاد نہیں ہے۔مریض کی جانب سے ڈاکٹروں کو دیے بیان کے مطابق اس نے حال ہی میں صرف پیزا اور لیٹس (سبزی، سلاد) کھائی تھی۔