نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)لائکس اور ویوز کی خاطر معروف یوٹیوبر نے اپنے آپ کو زندہ درگور کر لیا، ویڈیو ریکارڈ کی اور سوشل میڈیا پر ڈال دی جو جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر غیر معوملی اسٹنٹس کے حوالے سے پہچانے جانے والے یوٹیوبر جمی ڈونلڈ سن المعروف مسٹر بِیسٹ نے اپنے ا?پ کو ایک تابوت میں بند کر کے 7 دنوں کے لیے دفن کر لیا۔انہوں نے اس تجربے کی ویڈیو ناظرین کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے انتباہ بھی جاری کیا کہ وہ ایسا ہرگز نہ کریں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یوٹیوبر نے سیاہ اور سفید امتزاج کا سوٹ پہنا ہوا ہے اور وہ ایک تابوت میں لیٹے ہوئے ہیں جس کی تمام دیواریں شیشے کی ہیں، اس میں ایک کیمرہ بھی نصب ہے جبکہ حفاظتی انتظامات کے پیشِ نظر انہوں نے واکی ٹاکی بھی ساتھ رکھا ہے جس سے وہ اس دوران اپنے اہلِ خانہ اور ساتھیوں سے رابطے میں رہے۔یوٹیوبر اپنے ساتھیوں کی مدد اور کرین کے ذریعے تابوت کو زمین کی تہہ میں پہنچاتے اور اوپر سے مٹی ڈالنے کا کہہ دیتے ہیں۔ویڈیو کے اگلے منظر میں مسٹر بِیسٹ اپنے فالوورز کو بتاتے ہیں کہ وہ اگلے 7 دن اسی تابوت میں گزاریں گے۔ان کے مطابق وہ اپنے ساتھ 5 گیلن پانی، چند اشیائے خور و نوش، کپڑے اور ضروری سامان بھی لے کر آئے ہیں۔اپنے تجربے کو بیان کرتے ہوئے مسٹر بِیسٹ نے کہا کہ یہ ایک تھکا دینے والا اور ذہنی اذیت سے بھرپور عمل ہے اور سوتے ہوئے وقت کا اندازہ نہیں ہوتا اس لیے انہوں نے زیادہ تر وقت سوتے ہوئے گزارا۔یوٹیوبر کے مطابق وہ 7 دن قبر میں گزارنے کے بعد بحفاظت تابوت سے نکلنے میں کامیاب رہے۔ان کی مذکورہ ویڈیو یوٹیوب پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، صرف 3 دن میں اس ویڈیو کو اب تک 69 ملین ویوز مل چکے ہیں جبکہ یہ دنیا بھر میں 32 ویں نمبر پر ٹرینڈ کر رہی ہے۔خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انہوں نے یہ تجربہ کیا ہو بلکہ اس سے قبل 2021ءمیں بھی مسٹر بِیسٹ 50 گھنٹوں کے لیے خود کو دفن کر چکے ہیں۔