ٹک ٹاک پر وائرل چیلنج 14 سالہ طالبعلم کی جان لے گیا

میسا چوٹس(مانیٹرنگ ڈیسک)ٹک ٹاک پر وائرل مصالحے دار چپس کھانے کا چیلنج 14 سالہ طالبعلم کی جان لے گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست میساچوسٹس کے ایک ہائی سکول میں دسویں جماعت کا طالبعلم مبینہ طور پر ون چپ چیلنج میں حصہ لینے کی وجہ سے انتقال کر گیا،ون چپ چیلنج ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر ان دنوں کافی وائرل ہو رہا ہے جس میں پاکوئی نامی کمپنی کا مصالحے دار چپس کھانا ہوتا ہے،کمپنی لوگوں کو چیلنج کرتی ہے کہ وہ اس سنیک کو کھانے کے بعد مرچوں کا اثر کم کرنے کیلئے کچھ بھی کھانے یا پینے سے خود کو روکے رکھیں تاکہ انکی برداشت کرنے کی صلاحیت کا امتحان لیا جاسکے،14 سالہ ہیرس کو سکول میں اسکے دوست نے یہ چیلنج کرنے کو کہا تھا جس پر اس نے مبینہ طور پر اپنے دوست کی جانب سے دیے گئے انتہائی مصالحے دار چپس کھا لیے جس سے اسکے پیٹ میں درد شروع ہو گیا،نوجوان کی والدہ کے مطابق بیٹے کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں سکول سے فون آیا تھا جس کے بعد وہ اسکو گھر پر لے آئے۔ہیرس نے کچھ دیر بعد خود کو بہتر محسوس کرنا شروع کر دیا تھا،والدہ کا کہنا تھا کہ وہ باسکٹ بال کھیلنے کیلئے باہر جانے کا ارادہ کر رہا تھا کہ اس دوران اسکی طبیعت پھر خراب ہوئی جس پر اسکو قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ انتقال کر گیا۔چیلنج کی پروموشنل ویب سائٹ پر ایک انتباہ میں کہا گیا ہے کہ یہ چپس صرف بالغ افراد کے لیے ہیں جبکہ ساتھ ہی یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ اسکو کھانے کے بعد سانس لینے میں دشواری،بے ہوشی یا متلی کی صورت میں طبی امداد حاصل کریں۔پولیس نے نوجوان کی موت کے حوالے سے کارروائی شروع کر دی ہے تاہم موت کی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:یہ کام ہرگز مت کریں ،ایپل نے آئی فون صارفین کو خبر دار کردیا

اپنا تبصرہ بھیجیں