shehbaz sharif

نواز شریف انتقام لینے نہیں آ رہا ،شہباز شریف

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف انتقام لینے نہیں بلکہ ملک کی ترقی کیلئے واپس آ رہا ہے،پاکستان کو بھارت سے آگے لیجانے کیلئے آ رہا ہے،پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ”سائفر کیس عمران خان کو الیکشن سے باہر رکھنے کی سازش“وکیل نعیم پنجوتھا کا انکشاف
لاہور میں اپنے حلقہ انتخاب میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ 21 اکتوبر کو نواز شریف کا شاندار استقبال کرنا ہے،2018 کے الیکشن میں ریکارڈ دھاندلی ہوئی،نواز شریف ملک کو واپس ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے آ رہا ہے،نواز دور میں ریکارڈ ترقی ہوئی،ترقی کا وہی دور واپس آ ئے گا۔انہوں نے کہا کہ یاد کرو وہ دن جب نواز شریف کے زمانے میں آٹا 35 روپے کلو تھا اور پاکستان میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہیں تھی،نواز شریف کا جرم یہ تھا کہ اس نے پاکستانی عوام کی بہتری کے لئے شبانہ روز محنت کی،اس کا جرم یہ تھا کہ اس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا،اس کا جرم یہ تھا کہ اس نے ہسپتال،کالجز اور سکول پورے پاکستان میں بنائے،دانش سکول بنائے،لاکھوں یتیم اور غریب بچوں کو تعلیمی وضائف دیئے،یہ تھا نواز شریف کا وہ جرم جس کی وجہ سے 2018 کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی،نواز شریف کو خالی اقتدار سے علیحدہ نہیں کیا بلکہ آپ کو،آپ کے بچوں کو تعلیم سے،علاج سے اور ترقی سے محروم کیا گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ میں آج آپ کو یہ بتانے آیا ہوں کہ اللہ کو منظور ہوا تو ملک کا بیٹا 21 اکتوبر کو واپس آ رہا ہے، جس کے بعد ملکی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا،نواز شریف کسی سے انتقام نہیں لیں گے،انتقام نہیں خوشحالی نواز شریف کا مشن ہے اور ترقی کے اسی سفر کو دوبارہ سے شروع کیا جائے گا ۔شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے مجھ سے وعدہ کرنا ہے کہ 21 اکتوبر کو تمام لوگوں نے مینار پاکستان پہنچ کر میاں نواز شریف کا تاریخی استقبال کرنا ہے اور یہ پیغام دینا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ ظلم کیا گیا تھا اور زیادتی کی گئی،پاکستان کے کروڑوں عوام تمہارے ساتھ ہیں، کروڑوں ماوں کی دعائیں تمہارے ساتھ ہیں۔مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ جن کرداروں نے نواز شریف کے ساتھ ظلم اور زیادتی کی،وہ آپ کو اچھی طرح یاد ہیں لیکن فیصلہ یہ کرنا ہے کہ واپس آ کر انتقام لینا ہے کہ یتیموں اور غریبوں کی خدمت کرنی ہے؟بس یہی میرا پیغام ہے اور میرا آپ سے وعدہ ہے کہ نواز شریف کے چھوٹے بھائی کی طرح اور اس کے ورکر کی طرح میں نواز شریف کے ساتھ اپنی جان لڑاوں گا اور پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں