اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)جمعیت علماءاسلام(جے یو آئی)ف کے امیر اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کےخلاف اتوار کو ملک گیر احتجاج کی کال دیدی۔
یہ بھی پڑھیں:مقدس کتابوں کی بے حرمتی شیطانی ایجنڈا،اس کیخلاف مہم چلائیں گے
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سویڈن میں مسلسل اسلامو فوبیا کے واقعات ہورہے ہیں جس سے امت مسلمہ کے ہر فرد کو دکھ پہنچ رہا ہے،مغرب تنگ نظری کا مظاہرہ کیوں کررہا ہے؟تحمل کا جذبہ ختم ہونے کو آزادی اظہار رائے کا نام دیا گیا،ایسی آزادی اظہار رائے کو مسترد کرتے ہیں،مغرب نے ہمیشہ اسلام اور اہل اسلام کے مقدسات کی توہین کرکے دہشت گرد ہونے کا ثبوت دیا ہے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت تمام اسلامی دنیا اپنے سفراءاحتجاجا سویڈن سے واپس بلائیں،عالم اسلام تسلسل اور منصوبہ بندی سے اسلام اور شعائر اسلام کی توہین اور مسلمانوں کی دل آزاری کرنے کے گھناونے اور ناپاک عمل پر سخت نوٹس لے،وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ کو فوری ہدایات جاری کر دی ہیں،اس معاملے پر خاموش نہیں رہیں گے۔انہوں نے قوم سے ملک گیر احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو ملک بھر میں سویڈن کےخلاف احتجاج کیا جائے گا،کراچی میں سب سے بڑا مظاہرہ کیا جائے گا،جے یو آئی کارکن ہر ہر ضلع میں احتجاجی مظاہرے کریں۔