اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے سوئیڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے ایک اور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اورکہا ہے کہ مقدس کتابوں کی بے حرمتی کی اجازت دینے کے فیصلے کو تبدیل کرنے کی مہم چلائیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سوئیڈن میں قرآن کریم کی ایک بار پھر بے حرمتی کی گئی ،واقعہ پر عالم اسلام میں غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ او آئی سی کوامت مسلمہ کے احساسات کی ترجمانی اور اس شیطانیت کو رکوانے میں تاریخی کردار ادا کرنا ہو گا۔ اس پلیٹ فارم سے ہم اس شیطانی عمل کے تدارک کی حکمت عملی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مقدس کتابوں، ہستیوں اور شعائر کی بے حرمتی اظہاررائے کی نہیں بلکہ مستقل آزار دینے کی آزادی ہے۔ ان واقعات کا تسلسل بتاتا ہے کہ یہ شیطانی سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ عالم اسلام اور مسیحی دنیا کو مل کر اس شیطانی سازش کو روکنا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں : بیرون ملک جیلوں میںکتنے پاکستانی قید ہیں، سرکاری اعداد و شمار سامنے آگئے