لاہور، گجرات(سٹاف رپورٹر ) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے یونان میں کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلرز کے سرغنہ سلیم سنیارے کو گرفتار کر لیا جبکہ حادثے میں زندہ بچ جانے والا 28 سالہ خوش قسمت پاکستانی عثمان صدیق واپس گھر پہنچ گیا۔
یہ بھی پڑھیں:تین منزلہ ہوٹل گیس سلنڈر پھٹنے سے زمین بوس،6 افراد جاں بحق
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث اہم سرغنہ کو گرفتار کرلیا،وہ مرکزی ملزم آصف سنیارے کا بھائی ہے۔ ملزم نے متعدد پاکستانیوں کو غیر قانونی راستے سے یورپ بھجوانے کے لیے کروڑوں روپے بٹورے تھے۔ادھرزندہ بچ جانیوالا گجرات کے نواحی علاقے کالیکی کا رہائشی 28 سال کا عثمان محکمہ پولیس میں کانسٹیبل تھا،وہ اپنے چار دوستوں کے ساتھ اٹلی جانا چاہتا تھا۔عثمان صدیق کا کہنا ہے کہ کشتی میں 700 افراد سوار تھے جن میں 350 پاکستانی تھے،کشتی میں سوار ہونے سے قبل ان سے لائف جیکٹس کے لیے رقم وصول کی گئی تھی،6 روز سمندر میں کشتی چلتی رہی کو ئی کنارہ دیکھا نہ کوئی جزیرہ،ایک کارگو جہاز نے رک کر پانی اور خوراک سے مدد دی تھی،حادثے سے قبل ایک ہیلی کاپٹر بھی آیا اور وہ تصاویر لینے کے بعد چلا گیا،ہیلی کاپٹر آنے کے بعد وہ پرامید ہوگئے کہ اب انہیں ریسکیو کر لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے سے کس ملک نے روکا تھا؟ احسن اقبال کا بڑا انکشاف