اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں،لوگوں کی بڑی تعداد میں احتجاج میں شرکت،سویڈن کی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ۔
نجی ٹی وی کے مطابق سویڈن واقعہ کیخلاف سیاسی و مذہبی جماعتوں ،وکلا ،تاجر طبقہ اور سول سوسائیٹی کی جانب سے ملک بھر میںاحتجاج اور ریلیاںنکالی گئیں۔شہر شہر مظاہروں میں اقلیتی برادری کے لوگوں نے بھی شرکت کی ۔وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جب کہ سیاسی و سماجی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے بھی سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف آج ملک گیر مظاہرے کیے گئے۔لاہور ،سکھر ،کندھ کوٹ ،دادو،گوجرانوالہ ،گجرات میں سویڈن واقعے کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جس میں شرکا نے سویڈن واقعے کے خلاف مذمتی پلے کارڈ، بینرز اٹھا رکھے تھے۔کراچی میں تاجر تنظیموں کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد احتجاج کے طور پر 2 گھنٹوں کے لیے کاروبار بند رکھا۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر احتجاجی ریلیوں میں سویڈن واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : قرآن کی بے حرمتی ،کراچی بار کی ہڑتال ، ریلی نکالنے کا اعلان
ملک کے مختلف شہروں میں مسیحی برادری اور ان کے مذہبی رہنماوں نے سویڈن واقعے کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اس سلسلے میں جاری بیانات میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس گھناونے واقعے میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ اس قسم کے واقعات عمل میں نہ آئیں۔ ن لیگ کے منارٹی ونگ کے مرکزی صدر اور پاکستان مسیحی کونسل پاکستان کے صدر سینیٹر کامران مائیکل نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کا واقعہ ناقابل قبول ہے۔ پاکستان کے مسیحی اس واقعے کے خلاف احتجاج میں بھرپور شریک ہیں اور مذمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ن لیگ کا مری روڈ پر سویڈن واقعہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ،ٹریفک بلاک
سویڈن واقعے کے خلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک مذمتی قرارداد منظور کی گئی ۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ بار ایسویسی ایشن نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر حکومت سے سفارتی سطح پر اس مذموم سازش کا مقابلہ، سفارتخانہ بند کرنے اور مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔