اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بے پناہ کاوشوں سے پاکستان کی آئی ایم ایف سے ڈیل منطقی انجام کو پہنچی ہے،کابینہ کے ارکان ،وزیر خزانہ اور انکی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نو ماہ کاسٹینڈ بائے ایگریمنٹ ہو ا ہے،چین سے ادائیگی نہ ہوتی تو آج معاملات کچھ اور ہوتے،سعودی عرب نے بھی ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا ،یو اے ای نے ہمیں ایک ارب ڈالر دیے۔آئی ایم ایف سے پاکستان کو 9ماہ میں تین ارب ڈالر ملیں گے ،دعا کریں یہ آئی ایم ایف سے آخری ڈیل ہو ۔اب عام آدمی کو نہیں اشرافیہ کو قربانی دینا ہو گی،اس راستے کو اپنا لینگے تو ترقی و خوشحالی قدم چومے گی۔اگلے الیکشن میں جو بھی الیکشن جیتے خدا کرے وہ اسی راستے پر چلے۔
یہ بھی پڑھیں : ن لیگ کا الیکشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ،نواز شریف کی پارٹی بیانیے میں نوجوان نسل کو” سنہرے خواب“ دکھانے کی ہدایت
وزیراعظم نے کہا کہ سویڈن میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے ،تمام مسلم امہ اور پاکستانی قوم اس کی شدید مذمت کرتی ہے،اس واقعہ پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانا قابل اطمینان بات ہے،پاکستان او آئی سی اجلاس اور فیصلے کی بھرپور تائید کرتا ہے۔