لاہور(خصوصی وقائع نگار)پاکستان مسلم لیگ ن کا رواں ماہ انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ،الیکشن مہم کے دوران ملک بھر میں جلسے کئے جائینگے،نواز شریف نے پارٹی کی سینئر قیادت کو ہدایات جاری کر دیں جبکہ آئندہ الیکشن میں نوجوانوں کو متحرک کرنے کے حوالے سے ٹاسک چیف آرگنائزر مریم نواز کو سونپ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دوبارہ برسرِ اقتدار آ کر پہلی ترجیح کیا ہوگی؟نواز شریف نے بتا دیا
”پاکستان ٹائم“کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائدین کی دوبئی میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی،نواز شریف کی زیر صدارت اجلاسوں میں سیاسی وقانونی امور پر مشاورت جاری ہے۔پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر فقید المثال استقبال ہو گا،نواز شریف نے پارٹی اور انتخابی امور سے متعلق مریم نواز کو ٹاسک سونپ دیا،عام انتخابات کے لیے منشور کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت دیدی گئی،نواز شریف نے پارٹی قیادت کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کیلئے پارٹی کا بیانیہ نوجوانوں کو مدنظر رکھ کر بنایا جائے،نوجوانوں کیلئے آسان قرضے،روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا لائحہ عمل بیانیے میں شامل کیا جائے،ملک کو نقصان پہنچانے والی سیاسی جماعت کی پالیسیوں کو مسلسل ہدف تنقید بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کی تنظیم نو کا معاملہ بھی اہم اجلاس میں اٹھایا گیا ، اجلاس میں پارٹی کی صوبائی تنظیم کو کم از کم 2 یا زیادہ سے زیادہ 3 حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
پنجاب کی تنظیم کو وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب یا شمالی،جنوبی اور وسطی پنجاب میں تقسیم کرنے پر بھی غور کیا گیا،پنجاب کی صوبائی تنظیم کی تقسیم کی تجویز مریم نواز نے دی۔نواز شریف نے اس حوالے سے گرین سگنل دے دیا،وسطی پنجاب کی صدارت کے لئے میاں جاوید لطیف کے نام پر غور کیا گیا۔جنوبی پنجاب کے صدر کے لئے سعود مجید اور محمود الحسن کا نام شامل ہے۔شمالی پنجاب کے صدر کے لئے حنیف عباسی،عابد رضا کوٹلہ۔شیخ آفتاب،سہیل کمڑیال کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔آئندہ عام انتخابات سے قبل پنجاب کی صوبائی تنظیم کی تقسیم کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا،تنظیم نو میں گذشتہ 5 سالوں کے دوران نواز شریف کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہنے والے لیگی رہنماوں کو پارٹی عہدوں سے نوازا جائے گا۔آئندہ عام انتخابات کے لئے ٹکٹوں کی تقسیم میں تنظیم نو والے نئے عہدیداروں کی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا،ن لیگ پنجاب کے موجودہ صدر رانا ثناء اللہ کو مرکزی تنظیم میں کوئی نیا عہدہ دئیے جانے کا امکان ہے۔نواز شریف نے نوجوانوں پر فوکس کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو اسمبلیوں میں لانے کی بھی حکمت عملی مرتب کی جائے،فیصلہ سازی میں بھی نوجوانوں کا عمل دخل بڑھایا جائے، تحریک انصاف کا توڑ کرنے کے لیے ن لیگ یوتھ ونگ کی از سر نو تشکیل کا بھی فیصلہ کیا گیا،کیٹپن(ر)صفدر کی جگہ کسی اور رہنما کو ن لیگ یوتھ ونگ کی صدارت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:چیئرمین سینیٹ کی تاحیات مراعات کا بل،حکومت نے”یوٹرن“لینے کا فیصلہ کر لیا