دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات جیتنے کے بعد برسرِ اقتدار آ کر مہنگائی کا خاتمہ پہلی ترجیح ہوگی۔
”پاکستان ٹائم” کے مطابق دبئی میں سابق وزیراعظم نے مسلم لیگ گلف کے وفد سے اہم ملاقات کی، اس ملاقات کے دوران ن لیگی قائد کو یو اے ای سمیت خلیجی ممالک میں مقیم پارٹی کارکنوں کے بلند مورال سے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران وفد نے نواز شریف کی خیریت دریافت کی، اسی دوران لیگی وفد نے مریم نواز سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر نواز شریف نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن پاکستان کے مسائل پرجلد قابو پا لے گی، برسرِ اقتدار آ کر مہنگائی کا خاتمہ پہلی ترجیح ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کا مقابلہ کرنے والے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی قیادت کی میاں نواز شریف سے ایک اور ملاقات متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد اہم ملاقاتوں کے بعد چار جولائی کو عرب ممالک سے لندن واپسی ہو گی۔
