کراچی(وقائع نگار)پاکستان کے معروف عالم دین اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے مسلمانوں کے ہولی اور دیوالی منانے پر مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں طلبہ و طالبات کی جانب سے ہولی کی تقریب منعقد کرنے کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:فوجی عدالتوں میں سویلین کا ٹرائل،سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستان کو نئی سمت دے گا
”پاکستان ٹائم “کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر مفتی منیب الرحمان نے اپنے ٹویٹ قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام میں غیرمسلموں کے ساتھ مودت و محبت کا رشتہ تو جائز نہیں،البتہ موقع کی مناسبت سے مدارات اور رواداری کی گنجائش ہے۔مفتی منیب الرحمان نے لکھا کہ حال ہی میں قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبہ و طالبات نے ہولی کا تہوار منایا،نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کا مخلوط اجتماع ہوا،اس میں تمام حدود کو پامال کر دیا گیا، ہولی اور دیوالی ہندووں کا مذہبی تہوار ہے،یہ ہندو مت کا شعار ہے اور مسلمانوں کو باطل مذاہب کے مذہبی شعار کو اختیار کرنے سے منع فرمایا گیا ہے اور اس بارے میں حدیث پاک میں شدید تنبیہ آئی ہے ”جو کسی (غیر مسلم)قوم کی مشابہت اختیار کرے گا تو وہ انہی میں سے ہو گا “۔مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم اس طرح کے مظاہر کی مذمت کرتے ہیں اور یونیورسٹی کی انتظامیہ،ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)اور وفاقی وزارت تعلیم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس طرح کی مذموم حرکات کا سد باب کیا جائے اور ایسی تقریبات منعقد کرنے والوں کے خلاف موثر تادیبی کارروائی کی جائے،ہم دیگر مذاہب کے خلاف نفرت انگیزی کے حامی نہیں مگر جو ہو رہا ہے وہ بھی انتہائی تکلیف دہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایک اور کھلاڑی آﺅٹ،غلام سرور خان بھی کپتان کو چھوڑ گئے
یاد رہے کہ ایک روز قبل ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پاکستانی یونیورسٹیوں میں ہولی منانے پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا تاہم ایک روز بعد ہی ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جاری کردہ اپنا ہی نوٹیفکیشن واپس لے لیا،جس میں کہا گیا کہ ایچ ای سی تمام مذاہب،افراد اور گروپس کے مذہبی عقائد کا احترام کرتا ہے۔ایچ ای سی ملک میں منائے جانے والے مذہبی تہواروں کو آزادی سے منانے پر یقین رکھتا ہے۔ایچ ای سی کے ہدایت نامہ کو پابندی سمجھا گیا،کیمپسز میں مذہبی عقائد اور ملکی نظریہ کے مطابق ہر طالب علم کو تقریبات کی آزادی حاصل ہے چونکہ ایچ ای سی کے پیغام کا غلط مطلب لیا گیا لہذا اس نوٹیفکیشن کو واپس لیا جاتا ہے۔