نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت کا مقبول ترین کامیڈی شو کرنے والے کپل شرما نے اپنے پرانے ساتھیوں کے شو کو خیر باد کہنے پر خاموشی توڑ دی۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق حال ہی میں کپل شرما نے اپنی نئی فلم ”زوئی گیٹو“کی تشہیر کے لیے ایک پروگرام میں شرکت کی جس میں میزبان نے ان کے کامیڈی شو کے حوالے سے گردش کرتی خبروں سے متعلق سوال کیا اور پوچھا کہ ”’لوگ آپ کے بارے میں کہہ رہے تھے کہ آپ انا پرست اور غیر محفوظ انسان ہیں“، میزبان نے سوال جاری رکھا اور کہا کہ ”کیا آپ سے دوسروں کی کامیابی برداشت نہیں ہوتی اس لیے ساتھی اداکاروں کو شو سے نکالا؟“جواب میں کپل نے اعتراف کیا کہ وہ غصے کے تیز انسان ہیں لیکن اب ان میں بہتری آچکی ہے، میں نے کبھی کسی سے خود کو غیر محفوظ محسوس نہیں کیا، بلکہ میں نے جن کی تعریف کی یا جنہیں پسندکیا، انہیں اپنے شو میں لے آیا، میں پہلے غصے کا کافی تیز تھا لیکن یہ میرے خون میں ہے، آپ ان لوگوں (چھوڑ کر جانے والے اداکار) سے پوچھیں کہ وہ میرے ساتھ کام کیوں نہیں کرنا چاہتے’۔
کپل نے کہا ‘جی ہاں! میرا اور سنیل کا جھگڑا ہوا تھا لیکن میرے اب بھی ان سب کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں’۔واضح رہے کہ کپل شرما کے سنیل گروور کے ساتھ 2017 میں تعلقات خراب ہوئے تھے جس کے بعد سنیل نے ان کا شو چھوڑ دیا تھا، بعدازاں علی اصغر اور کرشنا ابھیشیک نے بھی پیسوں اور پروڈکشن کے معاملات کے باعث شو کو الوداع کہہ دیا تھا۔
