اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے پارٹی سے استعفیٰ دینے کی خبروں کی بالآخر تصدیق ہوگئی۔شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد ملک کی بہتری کیلئے’ری امیجننگ پاکستان‘ کے فورم سے پاکستان کی فلاح و بہبود کا پیغام پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق شاہد خاقان عباسی کا خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے نواز شریف پر تین سال قبل واضح کر دیا تھا کہ اگر مریم کو پارٹی میں سینئر عہدے پر لایا گیا تو ان کیلئے پارٹی میں رہنا ممکن نہیں ہو گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب سے مریم لندن سے آئی ہیں،اس وقت سے ان کی مریم سے بات چیت نہیں ہوئی،مجھے خوشی ہے کہ ان کی سرجری کامیاب رہی،میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں تاہم وہ کسی بھی موقع پر پارٹی کے چیف آرگنائزر نہیں ہوں گے۔
دوسری طرف ”پاکستان ٹائم “ کے مطابق سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما محمد زبیر نے تصدیق کی ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔محمد زبیر کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی ورکر اورمرکزی رہنما ہیں،ان کا قد بہت بڑا ہے اور میرا نہیں خیال کہ عہدہ چھوڑنے سے ان کے قد میں کوئی فرق پڑے گا۔واضح رہے کہ میڈیا پر شاہد خاقان عباسی کے استعفے کی خبریں کل سے زیرگردش تھیں،کہا جارہا تھا کہ وہ سینئر رہنماوں سے مشاورت کیے بغیر مریم نواز کو پارٹی پوزیشن دینے پرنالاں تھے تھے،اس لیے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوا دیا تاہم شاہد خاقان عباسی کے ترجمان حافظ عثمان عباسی نے آج صبح ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی سے استعفے کی خبر بے بنیاد ہے،وہ پارٹی کے سینئر نائب صدر ہیں،مشکل حالات میں پارٹی نہیں چھوڑی تو آج کیوں چھوڑیں گے؟۔