لاہور(سپورٹس رپورٹر)بابر اعظم نے ون ڈے انٹرنیشنل میں تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے کا ہاشم آملہ کا ریکارڈ برابر کرتے ہوئے مشہور بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے ریکارڈ پر ہاتھ صاف کر دیئے،بابر اعظم کی جانب سے یہ اعزاز 123 اننگز میں مکمل کیا گیا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق بابر اعظم نے تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے میں کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔اس فہرست میں پہلے نمبر پر جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ موجود تھے،جنہوں نے صرف 123 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا جبکہ دوسرے نمبر پر ویرات کوہلی ہیں جنہوں نے 136 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔بابر اعظم یہ کارنامہ انجام دینے والے تیز ترین ایشین بیٹر بھی ہیں۔علاوہ ازیں بابر اعظم 6 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے گیارہویں پاکستانی بیٹر ہیں۔نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے 139 میچوں میں یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔پاکستان کی جانب سے سعید انور نے 162،محمد یوسف نے 168،جاوید میانداد نے 175،انضمام الحق نے 176،محمد حفیظ نے 196،یونس خان اور شعیب ملک نے 205،اعجاز احمد نے 210 اور سلیم ملک نے 212 میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا ہے جبکہ اس فہرست میں شاہد آفریدی بھی شامل ہیں جنہوں نے 276 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔
