ڈھاکا (سپورٹس ڈیسک) بنگالی کرکٹ ناصر حسین پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی طرف سے لگی پابندی کی وجہ سامنے آگئی ، انہوں نے موبائل فون کا ایک تحفہ وصول کیاتھاجو ظاہر بھی نہیں کیا، پھر پکڑے جانے پر اینٹی کرپشن کوڈ کی تین شقو ں کی خلاف ورزی تسلیم بھی کرلی۔ آئی سی سی کے مطابق ناصر حسین پر پابندی ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر عائد کی گئی ہے جس کے مطابق بنگلادیشی کرکٹر پر دو سال کی پابندی کے ساتھ 6 ماہ کی معطل سزا شامل ہے۔ آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی یونٹ کے مطابق ناصر حسین کیخلاف پہلا الزام یہ تھا کہ وہ اینٹی کرپشن کے آفیشل کو فوری طور پر آئی فون 12 کی رسید پیش کرنے میں ناکام رہے جو انہیں تحفے میں ملا تھا، اس فون کی قیمت 750 ڈالر سے زیادہ تھی۔ ناصر حسین پر ایک الزام یہ بھی تھا کہ وہ اس تحفے کیلئے کیے گئے رابطے یا دعوت نامے کے بارے میں انسداد بدعنوانی کے آفیشل کو آگاہ کرنے اور متعلقہ حکام سے معاملے کی تحقیقات کے عمل میں تعاون کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
