حیدر آباد(سپورٹس ڈیسک)ورلڈ کپ میں پہلی فتح کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ میں نتیجہ سے مطمئن ہوں،باولرز کو کریڈٹ جاتا ہے،ہم نے اچھی شروعات کی اور درمیان میں وکٹیں حاصل کیں،آنے والے میچوں میں بھی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق میچ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ جس طرح سے حیدرآباد کی کراوڈ نے ہمارا ساتھ دیا ہے،ہمیں بہت خوشی ہوئی ہےاور ان کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں گنوائیں،جس طرح سے رضوان اور شکیل نے سنبھالا دیا وہ خوش آئند ہے، سعود نے جس طرح سے اپنی اننگز بنائی اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے کھیل میں بہتری آئی ہے، ہمارے باولرز نے پہلے دس میں اچھی باولنگ کی۔وہ پلان پر ڈٹے رہے۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میں نتیجہ سے مطمئن ہوں،باولرز کو کریڈٹ جاتا ہے، ہم نے اچھی شروعات کی اور درمیان میں وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے کہ پاکستان نے انڈیا کے شہر حیدرآباد میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دے دی۔پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 286 رنز بنائے، جواب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 41 اوورز میں 205 رنز بنا سکی۔
