لاہور (سپورٹس ڈیسک )پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ماونٹ مناسلو کو از سر نو سر کرنے کےلئے تیار ہیں،سرباز علی بھی مناسلو کی ٹرو سمٹ پر جائیں گے اور خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی بھی اگلے ہفتے مناسلو سر کرنے کی مہم کاآغاز کرینگی۔
یہ بھی پڑھیں:19ویں ایشین گیمز، 198 پاکستانی ایتھلیٹس 26 کھیلوں میں حصہ لیں گے
نیپال میں واقع مانٹ مناسلو کی بلندی 8163 میٹر ہے اور یہ دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ہے۔ پاکستان کے شہروز کاشف اور سرباز علی نے 2021 میں مانٹ مناسلو کو سر کر لیا تھا لیکن ان کے سمٹ کے بعد انکشاف ہوا تھا کہ پہاڑی کا بلند ترین پوائنٹ وہ نہیں جہاں اب تک ہر کوہ پیما جا رہا تھا بلکہ اس سے 10 میٹر آگے ہے۔اگرچہ شہروز کاشف اور ان کے ساتھ سرباز علی کی سمٹ کو قانونی تسلیم کر لیا گیا تھا لیکن دونوں ماونٹینیئرز نے اعلان کیا تھا کہ وہ اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے حقیقی سمٹ تک جائیں گے۔ پاکستان کے ساجد سدپارہ نے گزشتہ سال مناسلو کے حقیقی سمٹ کو سر کیا تھا۔شہروز کاشف اور سرباز علی اس وقت مناسلو بیس کیمپ پر ہیں اور وہ اپنی سمٹ پش کےلیے روٹیشن مکمل کر چکے ہیں جبکہ نائلہ اپنی روٹیشن مکمل کرنے کے بعد ان دونوں کے ساتھ شامل ہونگی۔
یہ بھی پڑھیں:ہاکی میں لڑائی جھگڑے اور اختلافات کے سبب پاکستان اولمپکس کی میزبانی سے محروم
پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی بھی آٹھ ہزار میٹر سے بلند اپنی نویں چوٹی سر کرنے کےلیے مناسلو پہنچ چکی ہیں۔نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند 8 چوٹیاں سر کرنے والی واحد پاکستانی خاتون ہیں اور وہ مناسلو سر کرنے والی بھی پہلی پاکستانی خاتون بن جائیں گی۔نائلہ کیانی اب تک مانٹ ایوریسٹ،کے ٹو، نانگا پربت،گیشربرم ون،گیشر برم ٹو،اناپورنا،لوٹسے اور براڈ پیک سر کر چکی ہیں۔تینوں پاکستانی کوہ پیما پیر کو اپنی حتمی مہم کا آغاز کریں گے اور یہ تینوں 20 ستمبر تک مناسلو کے ٹاپ پر پہنچنے کا ہدف رکھتے ہیں۔