لاہور( سپورٹس ڈیسک) بھارت میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کی فراہمی بھارت کیلئے مسئلہ بن گئی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی سیکیورٹی کو لے کر بھارتی ادارے پریشان نظر آرہے ہیں۔ یہ پریشانی 12 اکتوبر کو کولکتہ میں شیڈول کیے گئے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ سے متعلق ہے۔بھارتی میڈیا کی طرف سے وضاحت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کولکتہ پولیس پاکستان اور انگلینڈ میچ کیلئے مکمل سیکیورٹی دینے سے قاصر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم کا حمزہ خان کو 1کروڑ کاانعام
کولکتہ پولیس نے کرکٹ ایسوسی ایشن بنگال (سی اے بی) سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ بھارتی تہوار ‘کالی پوجا’ کی وجہ سے میچ کیلئے سیکیورٹی کی فراہمی مسئلہ ہوگا۔اس حوالے سے بھارتی صحافی نے بتایا ہے کہ کولکتہ پولیس نے گزشتہ روز سی اے بی سے رابطہ کیا جس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ سے (بی سی سی آئی) سے میچ ایک دن پہلے کرانے کی درخواست کی ہے۔بھارتی صحافی کا کہنا ہے کہ سی اے بی نے میچ شیڈول سے ایک دن ایک پہلے یعنی 11 اکتوبر کو کروانے کی سفارش کی ہے۔ اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ، آئی سی سی سے مشاورت کرنے کے بعد حتمی فیصلہ کرے گا۔خیال رہے کہ بی سی سی آئی پہلے ہی ورلڈ کپ شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے آگاہ کرچکا ہے۔ حتمی شیڈول منگل تک جاری کیے جانے کا امکان ہے۔