کراچی (سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان کے عالمی مالیاتی فنڈز(آئی ایم ایف) سے جان چھڑانے کا قیمتی نسخہ بتا دیا۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں جب شاہد آفریدی سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے اور بیرونی ادھار کا سلسلہ ختم ہونے بارے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وزراء کے پروٹوکولز اور لوازمات ختم کریں،ہمیں کسی کے پاس جانے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی،بلوچستان کو تھوڑا پاﺅں پر کھڑا کرنا ہو گا جس کے بعد دنیا ہم سے مدد مانگے گی۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے معاملات کا عدالت میں جانا میرے خیال میں موزوں نہیں، کچھ چیزیں ملک کی عزت سے جڑی ہوتی ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست ہے کہ پیٹراِن چیف سے اپنا نام ہٹائیں اور الیکشن کے ذریعے سربراہ اور بورڈ آف گورنز کا انتخاب عمل میں لایا جائے تا کہ جب نام بدلیں تو سسٹم چینج نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کو بھارت سے کہیں بھی کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں،عبدالرزاق کا موقف بھی آگیا
انہوں نے کہا کہ مصباح الحق،راشد لطیف،وسیم اکرم،مشتاق احمد جیسے سابق کرکٹرز کو بورڈ میں کام کرنے کا موقع دیں تاکہ سسٹم بہتر ہو سکے،راشد لطیف سے بورڈ کا معاہدہ ہونے کے قریب تھا لیکن انہوں نے کام سے اس لیے انکار کردیا کہ انہیں کھل کر کام کرنے کا اختیار نہیں دیا جا رہا تھا،بورڈ اگر کسی کو لیکر آرہا ہے تو اسے اختیار بعدازاں سوال بھی کرے،ہمیں کرکٹ کو سیاست سے دور رکھنے کی ضرورت ہے،جب مجھے کام سے روکنے کی کوشش شروع ہوئی تو عہدہ چھوڑ دیا۔