لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹر عمر اکمل نے کہا ہے کہ اگر میں نے راز فاش کردیے تو ہماری عوام کرکٹ دیکھنا چھوڑ دے گی،ایسا نہ ہو کہ ہماری کرکٹ کا ہاکی سے بھی برا حال ہو جائے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک پوڈکاسٹ میں انٹرویو دیتے ہوئے عمر اکمل نے قومی ٹیم میں شامل نہ کئے جانے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے میں نے بگ بیش اور بی پی ایل جیسی بڑی لیگز سے کروڑوں کی آفرز ٹھکرائی،بڑی لیگز سے اگر ایک دفعہ منہ موڑ لو تو وہ پھر آفر نہیں کرتے،مجھے کہا جاتا رہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں تاکہ نوجوان کرکٹرز آپ سے سیکھیں اور انہیں آپکی مثال دی جائے،اگر میں نے پاکستان کرکٹ کیلئے اتنی قربانیاں دی تو بدلے میں مجھے کیا دیا جارہا ہے؟
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے خود نہیں معلوم کہ گلے کس سے ہیں؟کامی بھائی کو جو بہتر لگا انہوں نے بیان دیا،جو مجھے بہتر لگے گا میں کروں گا۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے جوتے نہ دینے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں،بابر بہت اچھا لڑکا ہے،میرا خیال ہے اگر بابر اِن کیمرہ آ کر بول دے کہ میں نے عمر اکمل سے جوتے مانگے تھے تو پھر میں جواب دہ ہوں گا۔ایک ویڈیو میں ڈانس کرنے پر تنقید کا نشانہ بنانے کے سوال پر عمر اکمل کا کہنا تھا کہ میں اپنی بہن کی شادی یا کسی قریبی رشتہ دار کی تقریب میں انجوائے نہیں کروں گا تو کہاں کروں؟تنقید کرنے والوں میں اکثریت کرکٹرز کی ہی ہوتی ہے،یہ جو بولتے ہیں،میں نے انکے ساتھ بہت کرکٹ کھیلی ہے، انکے راز بھی میرے پاس ہیں،میں نے اگر راز فاش کیے تو انکی عزت نہیں رہے گی۔
