پی ایس ایل میں جواری کمپنیوں کی تشہیر پی سی بی کو مہنگی پڑ گئی

پشاور(کورٹ رپورٹر)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں جوا کمپنیوں کی تشہیر کے معاملے پرپاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) اور پی ایس ایل انتظامیہ کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں کیس دائر کردیا گیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پی ایس ایل میں جوا کمپنیوں کی تشہیر کے معاملہ پر حیدر شیرازی نامی شہری نے سیف اللہ محب کاکا خیل ایڈووکیٹ کی وساطت سے پشاور ہائیکورٹ میں پی ایس ایل اور پی سی بی انتطامیہ کیخلاف درخواست دائر کردی ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ملک میں جوے پر پابندی ہے لیکن پابندی کے باوجود نہ صرف جوا کمپنیوں نے پی ایس ایل کو سپانسر کیا بلکہ جوا کمپنیوں کی موبائل ایپ اور ویب سائٹس بھی ملک میں چل رہی ہیں جو غیرقانونی عمل ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ ایک کھلاڑی نے پی ایس ایل کے دوران احتجاجاً جوا کمپنی کے لوگو پر پٹی لگائی جبکہ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے کھلاڑی اور فرنچائز راتوں رات ارب پتی بن گئے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ اور فرنچائز کے خلاف انکوائری کی جائے اور جوا کمپنیوں کے سپانسر لینے سے فرنچائز پر پابندی عائد کی جائے۔ساتھ ہی جوا کمپنیوں کے ویب سائٹس اور ایپ بھی بند کی جائیں۔درخواست میں حکومت،ایف آئی اے،سٹیٹ بینک اور پاکستان ٹیلی کیمونکیشن اتھارٹی( پی ٹی اے ) کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں