کوئٹہ (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باولر نسیم شاہ بلوچستان پولیس میں ڈی ایس پی بنا دیئے گئے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر نسیم شاہ کوبلوچستان پولیس کا اعزازی سفیر مقرر کرتے ہوئے ڈی ایس پی کا اعزازی رینک لگادیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے کوئٹہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اعلی پولیس حکام اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں انسپکٹر جنرل( آئی جی) پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے نسیم شاہ کو ڈی ایس پی کا اعزازی رینک لگایا۔ تقریب میں بلوچستان پولیس کے شہداءپر مبنی ڈاکو مینٹری بھی دکھائی گئی، اور پشاور سانحے کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی بھی ہوئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ کا کہنا تھا کہ بلوچستان پولیس کا مقصد صوبے میں امن کا قیام ہے، بلوچستان پولیس مشکل حالات اور کم وسائل کے باوجود چیلنجزکو فیس کیا، صوبے کے 900 اہلکار اور افسران جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے قومی ہیرو کو تسلیم کرنے سمیت بلوچستان پولیس کو اعزاز دے رہے ہیں، مہذب قومیں اپنے ہیروز کو قومی ہیرو کے طور پر پیش کرتی ہیں، نسیم شاہ کو بلوچستان پولیس کا حصہ بنانا اعزاز کی بات ہے، فاسٹ باولر نے کم مدت اور محدود وسائل میں کرکٹ کا سفر طے کیا، گلیوں سے کھیل کر قومی ٹیم تک پہنچنا اعزاز کی بات ہے، آج نسیم شاہ نوجوانوں کو رول ماڈل کے طور پر نظر آ رہا ہے۔
