سیالکوٹ (سٹا ف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ اپنے ساتھ ظلم کو برداشت کرلوں گا اور کررہا ہوں، لیکن جو ظلم عوام کیساتھ ہوا اسے برداشت نہیں کرسکتا، حکومت ملی تو لاہور سے سیالکوٹ تک ٹرین چلائیں گے، جو روٹی میں چار روپے کی چھوڑ کر گیا آج پچیس روپے کی ملتی ہے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اس قوم پر کتنا ظلم ہوا جس کا کون ذمہ دار ہے، یہ ملک کا حال کردیا، بجلی کے بل مہنگے، گیس ناپید ہوچکی ہے۔نہ بجلی نہ گیس، روٹی نہ پٹرول، سب چیزیں عوام کے بس سے باہر ہوگئیں،جنہوں نے ملک کے ساتھ ظلم کیا ان سے پوچھیں ایسا کیوں کیا، یہ ظلم مجھ پر نہیں قوم پر کیا ہے۔ لیگی قائد کاکہناتھاکہ سیالکوٹ سے مجھے عشق ہے، جب میں باہر سے آیا تو میں نے کہا کہ خواجہ صاحب ہم نے سیالکوٹ جانا ہے،سیالکوٹ موٹر ویز ہم نے بنائی لیکن افتتاح کا موقع نہیں ملا،اب حکومت میں آئے تو لاہور سے سیالکوٹ تک ٹرین شروع کریں گے، نوجوانوں کو پائوں پر کھڑا کریں گے، خوشحالی جو ہم سے دور ہوگئی ہے اسکو واپس لوں گا، مجھے آپ کا ساتھ چاہیے۔
