جیکب آباد (نامہ نگار )الیکشن سے قبل سیاسی جماعتوں کے اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے ہیں اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 3 پر ٹکٹ نہ ملنے پر رہنما پیپلز پارٹی ممتاز جکھرانی نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔ بتایاگیا ہے کہ ممتاز جکھرانی کو منانے کے لیے سابق وزیراعلی مراد علی شاہ، مکیش چاولہ، سردارچانڈیو، برہان چانڈیو و دیگر جیکب آباد پہنچے تھے لیکن ابتدائی طورپر فریقین نے ایک دوسرے سے گلے شکوے اور تحفظات پیش کیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے بعد مراد علی شاہ نے کہا کہ ممتاز جکھرانی سے تفصیلی بات ہوئی، ان کا موقف چیئرمین بلاول بھٹو کے سامنے رکھیں گے جبکہ ممتاز جکھرانی کا کہنا تھا کہ اسی حلقہ سےدو بار منتخب ہوچکا ہوں اور اسی بنیاد پر ٹکٹ میرااولین حق ہے ، اگر وہ بھی نہ ملے تو یہ سراسر ناانصافی ہے، پھر حلقے کے عوام کو تنہا چھوڑنے کی بجائے آزاد ہی الیکشن میں جانے کا فیصلہ مجبورا کرنا پڑا ۔
