لاہور(نیوز رپورٹر )جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہا ہے کہ نظام مصطفیﷺ میں قوم کے مسائل کا حل ہے، اب وقت آگیا ہے کہ عصبیت، لسانیت اور مغرب زدہ کرپٹ نظام کو دفن کردیا جائے،ملک میں اسلام کا سود سے پاک معاشی نظام رائج کرکے بیرونی ایجنڈوں سے ملک اور قوم کو نجات دلائی جائے،اسلام سلامتی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ القدس چوک دالگراں میں جماعتی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع حافظ عبدالوہاب روپڑی،مولانا شکیل الرحمان ناصر اور مولانا محمد اقبال گھمن بھی موجود تھے۔حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت اور اپوزیشن کو سیلاب زدگان کی مدد کے لئے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہوگا تاکہ ان پریشان اور بے کس لوگوں کی بحالی کا کام شروع ہو،سیاسی جنگ وجدل کا یہ وقت نہیں۔انہوں نے کہا کہ سود کی بیماری نے لوگوں کو دین سے دور اور دنیا کو حاصل کرنے کی فکر میں مبتلا کر دیا ہے،سود اللہ اور اس کے رسولﷺ کے خلاف کھلی جنگ ہے اور یہ جنگ آج تک کوئی نہیں جیت سکا،ملک میں جاری مہنگائی کے طوفان کو روکنے کی سنجیدہ کوشش کی جائے۔
