لاہور پریس کلب کا افغانستان انڈیپینڈنٹ جرنلسٹ یونین سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کابل(خصوصی نمائندہ)لاہور پریس کلب کے سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے صحافیوں کے وفد کے ہمراہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغانستان انڈیپینڈنٹ جرنلسٹ یونین کے دفتر کا دورہ کیا۔اس موقع پر انھوں نے افغانستان انڈیپنڈنٹ جرنلسٹ یونین (AIJU ) کے صدر حجت اللہ مجددی سمیت دیگر افغان صحافیوں سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں صحافی رہنماو ں کے درمیان پاک افغان تعلقات کو باہم مضبوط بنانے کے لیے میڈیا کے کردار پرسیرحاصل گفتگوہوئی۔گفتگو میں دونوں ممالک کے صحافیوں میں قربت بڑھانے اور پروفیشنل تجربات شیئر کرنے کو وقت کی اہم ضرورت قراردیتے ہوئے کابل اور لاہور کے صحافیوں کے وفود کے تبادلے کا ایم او یو بھی کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے صحافی ایک دوسرے کی بھرپور پیشہ وارانہ مدد کریں گے۔

اس موقع پر افغان حکومت کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز انعام اللہ سمنگانی بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ پاک افغان یوتھ فورم کے تحت گزشتہ روز لاہور اسلام آباد اور پشاور کے صحافیوں کا کابل کا دورہ کرایا گیا جس میں ڈائریکٹر پاک افغان یوتھ فورم سلمان جاوید، صدر یونیفائیڈ میڈیا کلب محمد حسان،سینئر صحافی طارق حبیب،عامر ہاشم خاکوانی،وقاص شاہ،ایاز گل،ماجد نظامی،بتول راجپوت اور صفدر گردیزی شامل تھے۔سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے امید ظاہر کی کہ اس سے دونوں ممالک کے صحافیوں میں تعاون بڑھے گا جس کے باعث دونوں ممالک کی عوام میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور غلط فہمیوں کا تدارک ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں