قتل کی ہولناک واردات، 2 بچیوں سمیت 5 افراد قتل

قتل کی ہولناک واردات، 2 بچیوں سمیت 5 افراد قتل

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) تھانہ چونترہ کے علاقے میں قتل کی ہولناک واردات میں مخالفین نے گاڑی میں سوار افراد پر فائرنگ کرکے 2 بچیوں سمیت 5 افراد کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ٹارگٹڈ کاروائی میں ملوث ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، واقع پرانی دشمنی کے باعث پیش آیا۔ پولیس کے مطابق گولیاں لگنے سے 46 سالہ ماسٹر محمد عاطف، 27 سالہ شجاع یونس، 8 سالہ انابیہ موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ تین زخمیوں کو بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 12 سالہ تابندہ فاطمہ اور 41 سالہ محمد ثاقب دوران علاج خالق حقیقی سے جا ملے، جبکہ 8 سالہ فلک شیر شدید زخمی ہے۔پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار متاثرہ خاندان کے افراد تھانہ چونترہ میں درج قتل کے مقدمہ میں عدالت پیش ہونے جارہے تھے جبکہ گھات لگائے ملزمان نعیم سلطان، شیر علی وغیرہ نے کلاشنکوف اور دیگر رائفلز سے فائرنگ کردی۔پولیس ترجمان کا کہنا تھاکہ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر محمد نبیل کو ہدایت کی کہ وہ بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کریں، پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ گاڑی سمیت دیگر اہم شواہد کو قبضے میں لے لیا ہے۔پولیس کا کہنا تھاکہ ملزمان کے خلاف چار افراد کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے، ملزمان اور مقتولین میں پہلے بھی قتل کے معاملہ پر مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں