اسلام آباد (بزنس ڈیسک)سردی پڑتے ہی سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کیلئے کھانا بنانا بھی مشکل کردیاہے لیکن ایسی صورتحال میں بھی گیس کی قیمتیں مزید بڑھنے کی پیشنگوئی سامنے آگئی ۔ تفصیل کے مطابق سوئی ناردرن نے گیس نرخوں میں دوبارہ 131 فیصد اضافہ مانگ لیاجس پرچیئرمین اوگرا مسرور خان نے سماعت کی ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گیس دنیا بھر میں مہنگی ہے ، صارفین کو اب گیس کی بچت کی طرف جانا ہو گا، میں نے بھی اپنے گھر کا گیس بل بچت سے کنٹرول کیا ہے۔ چیئرمین اوگرا نے کہا کہ ہمارے پاس ذخائر کم پڑ گئے باہر سے مہنگی گیس منگوانی پڑتی ہے، امپورٹ کردہ آر ایل این جی کئی گنا مہنگی ہے جس کا بوجھ صارف اٹھاتا ہے۔چیئرمین اوگرا مسرور خان کا کہنا تھا تمام سٹیک ہولڈرز کا مؤقف سن لیا ہے، اگلی سماعت پشاور میں ہو گی جس کے بعد سفارشات حکومت کو بھجوا دیں گے۔
