اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نوازشریف نے آج جو کچھ کہا وہ کوئی نئی بات نہیں تھی، نواز شریف نے آج پھر ماضی کی کہانی بتائی ہے۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق ہم نیوز کے پروگرام” پاکستان ٹونائٹ ود سید ثمر عباس” میں گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ نوازشریف نے کہا کہ ملک کو اس دلدل سے نکالنا ہے، جتنے بھی وزرا اعظم جیل میں گئے وہ سیاسی معاملے پر گئے ، ماضی کے کسی سیاستدان نے سائفر جیسی حرکت نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف 9مئی واقعات پر ایف آئی آر درج ہے،سائفر بھی کوئی سیاسی کیس نہیں،چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالتیں بری کر دیتی ہیں تو وہ آئیں۔سیاست کے اندر عمریں گنی نہیں جاتیں ،میرے یا زرداری کے کہنے سے کوئی وزیراعظم نہیں بنے گا، وزیراعظم بنانے کا فیصلہ ملک کے عوام کریں گے۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وفاق میں ہماری حکومت بنتی ہے تو نوازشریف وزیراعظم ہوں گے، علیم خان کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کے حوالے سے مجھے کوئی علم نہیں۔اصل سورج 8فروری کے بعد ہی طلوع ہوگا، انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد کا کوئی امکان نہیں، ہمارے منشور میں 18ویں ترمیم میں مزید ترمیم کا کوئی حوالہ نہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے راستے میں کانٹے خود بچھائے ہیں،اشاروں پر چلنے والے لیڈر نہیں ہوتے۔نوازشریف نے جدوجہد کی، 9سال جلاوطنی کاٹی، ڈھائی سال جیل کاٹی ہے۔