نارووال(سٹاف رپورٹر)لہسن کی فصل خراب کرنے پرسفاک شخص نے پانچ سالہ بچی کو گلے میں زنجیر ڈال کر باندھ دیا تاہم اطلاع ملنے پر پولیس نے بچی کو بازیاب کروا کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ ظفروال کے گائوں ننگل سودکاں میں مبینہ طور پر لہسن کی فصل خراب کرنے پر پانچ سالہ معصوم بچی صبا کو پکڑ کر گلے میں آہنی زنجیر ڈال کر دکان پر باندھ دیا۔بچی کے ورثا نے ملزم کی منت سماجت کی تو انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ ڈی پی او نارووال کے نوٹس لینے پرتھانہ ظفروال پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے بچی کو بازیاب کروا کر زنجیروں سے باندھنے والے شخص بشارت کو گرفتار کر کے بچی کے چچا کی مدعیت میں 342ت پ کا مقدمہ درج کر لیا ۔