لاہور(سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ 40 سال کا نچوڑ بتا رہا ہوں، مل کرکام کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، سب کو اکھٹا ہونا پڑیگا، بنیادی مرض دور کرنا پڑے گا ، کشمیر کے حل کیلئے بھی تدبر کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ وطن واپس پہنچنے پر مینار پاکستان گرائونڈ میں جلسے سے خطاب میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آج کئی سالوں کے بعد آپ سے ملاقات ہورہی ہے، آپ سے میرا پیار کا رشتہ قائم و دائم ہے، اس رشتے میں کوئی فرق نہیں آیا، میرا اور آپ کا رشتہ کئی دہائیوں سے چل رہا ہے، نہ کبھی آپ نے مجھے دھوکا دیا ہے نہ میں نے کبھی آپ کو دھوکا دیا، سچا پاکستانی ہوں ملک کی محبت میرے سینے میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہماراملک ہے، یہاں پیدا ہوا ہوں، ہم اس ملک کو پھر جنت بنائیں گے، ہمارا بیانیہ پوچھنا ہے تو ہماری اخلاقیات سے پوچھو، ریاست کے ستونوں کو آئین کے مطابق مل کرکام کرنا ہوگا، ڈبل سپیڈ کے ساتھ دوڑنا ہوگا اور کس طرح ہاتھوں میں پکڑا کشکول توڑنا ہوگا اور اپنے پائوں پر کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ ہم اپنے ہمسائیوں کے ساتھ لڑائی کرکے ترقی نہیں کرسکتے، کشمیر کے حل کیلئے ہمیں باوقار طریقے سے تدبیر کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا فلسطین کا پرچم لہراتے ہوئے کہا کہ فلسطین پرظلم کی مذمت کرتے ہیں، اللہ فلسطین کی مدد کرے، دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں فلسطین کا حل نکالو۔
یہ بھی پڑھیں:’تسبیح میرے پاس بھی ہے ‘