فیصل آباد(نیوز رپورٹر)فیصل آباد کچہری میں خاتون نے وکیل پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وکیل اور کلرک زخمی ہو گئے،گارڈ کی جوابی فائرنگ سے خاتون جاں بحق۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق تاندلیانوالہ احاطہ کچہری کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں گولیاں لگنے سے وکیل اور منشی زخمی ہوگئے، برقعہ پوش خاتون کی فائرنگ سے ایڈووکیٹ صدیق اعوان اور منشی رب نواز شدید زخمی ہوئے جوابی فائرنگ سے حملہ آور خاتون بھی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ ایڈووکیٹ صدیق اعوان اور منشی رب نواز کو زخمی حالت میں سی پی او فیصل آباد سیکیورٹی برانچ کے افیسر اکرام اللہ نیازی نے بروقت مدد کرتے ہوئے طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تاندلیانوالہ موٹر سائیکل پر منتقل کیا، ایڈووکیٹ صدیق اعوان اور منشی رب نواز کی حالت تشویش ناک ہونے کی وجہ سے ڈاکٹرز نے انہیںالائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا۔ حملہ آور کی مبینہ ساتھی خاتون کو پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ایس پی صدر شمس الحق درانی ایس ڈی پی او سمندری مصطفی رجوکہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے ،احاطہ کچہری کو بند کردیا گیا، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم نے کرائم سین پر پہنچ کر شواہد جمع کیے۔ ایس پی صدر شمس الحق درانی کا کہنا تھا کہ تاحال حملے کی وجہ سامنے نہیں آسکی تاہم تحقیقات کررہے ہیں تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
