نارنگ منڈی (بیورو رپورٹ ) ضلع شیخوپورہ کے شہر نارنگ منڈی میں نجی کلینک میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے ماں اور نومولود بیٹی جاں بحق ہوگئیں ۔ پولیس کے مطابق نجی کلینک کا مالک نارنگ منڈی کے سرکاری ہسپتال کا انچارج بھی ہے ، ورثا کی جانب سے پولیس کو دی گئی درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ ہمیں نارمل ڈلیوری کا بتا کر آپریشن کردیا گیا۔ مقتولہ کے شوہر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کلینک میں آپریشن کا کوئی انتظام بھی نہیں تھا، کلینک میں آکسیجن سلنڈر سرکاری ہسپتال سے لایاجاتا ہے ، کلینک کا بااثر مالک پولیس کو دی گئی درخواست واپس لینے کے لیے دبا ڈال رہا ہے۔ مقامی پولیس سٹیشن میں نجی کلینک کے مالک اور اس کی بیوی کے خلاف درخواست دے دی گئی ، ورثا کی جانب سے نجی کلینک کے مالک اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا ۔ مقتولہ کے شوہر نے وزیراعلی پنجاب سے نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کلینک اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:چاغی میں فورسز کی گاڑی کے اندر دھماکہ، دو اہلکار شہید ،ایک زخمی