فیصل آباد(کرائم رپورٹر)راولپنڈی سے کراچی جانیوالی پاکستان ایکسپریس میں مسافر نے سیٹ کے جھگڑے پر دوسرے مسافر کو قتل کردیاجس کی اطلاع ملنے پر لاش کو فیصل آباد ریلوے سٹیشن پراتارلیاگیا جبکہ مبینہ قاتل فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ایکسپریس میں ثنا اللہ نامی شخص اپنی فیملی کے ہمراہ علی پور سے فیصل آباد سفرکررہا تھا،ٹرین جب ریلوے سٹیشن سانگلہ ہل پہنچی تو ندیم بھی ٹرین میں سوار ہوگیا، دونوں مسافروں کی سیٹ کی بکنگ کیوجہ سے تو تکرار ہوئی جو بڑھ گئی ، اسی دوران ثنا اللہ گرا اور موقع پر ہی ڈھیر ہوگیا جبکہ ندیم چک جھمرہ میں ٹرین کے آہستہ ہونے پر اتر کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ریلوے پولیس ترجمان کے مطابق موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کرالیاگیاہے ، دونوں مسافروں کے ڈیٹا کی تصدیق ہوچکی ہے اور ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں۔
