پشاور صدر روڈ سے دن دیہاڑے معروف بزرگ تاجر اغوا، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی

پشاور(کرائم سیل)پشاور صدر روڈ سے دن دیہاڑے معروف بزرگ تاجر اغوا ،واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی،اہل خانہ کا پولیس کے اعلیٰ حکام اور سیکیورٹی اداروں سے حاجی اکرام کی فوری اور بحفاظت واپسی کا مطالبہ۔

یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ بڑی تباہی سے بچ گیا،بارود سے بھری گاڑی پکڑی گئی
”پاکستان ٹائم “کے مطابق پشاور شامی روڈ کے رہائشی نذیر احمد کے والد اور معروف بزرگ تاجر اور فون بنانے والی کمپنی کے ڈیلر حاجی اکرام کو نامعلوم ملزمان نے صدر روڈ امام بارگاہ کے قریب سے دن دیہاڑے اغوا کر لیا،واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی۔نذیر احمد کا پولیس کو دی جانے والی درخواست میں کہنا تھا کہ وہ صبح اپنے والد کے ساتھ دوکان پر آئے اور ایک دوکان کھولنے کے بعد مارکیٹ میں موجود دوسری دوکان کھولنے کے لئے چلے گئے جبکہ ان کے 80 سالہ والد دوکان پر بیٹھ گئے۔کچھ دیر بعد جب وہ واپس دوکان پر پہنچے تو ان کے والد دوکان میں موجود نہ تھے جبکہ دوکان کھلی ہوئی تھی جس پر انہیں تشویش لاحق ہوئی اور انہیں تلاش کرنا شروع کر دیا تاہم وہ نہیں ملے ،ہمیں کسی پر شک و شبہ نہیں اور نہ ہی کسی سے دشمنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سیکریٹری پاور ڈویژن کا بجلی چوروں سے 10 ارب 16 کروڑ کی ریکوری کا دعوی

دوسری طرف پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملنے پر فوری طور موقع پر پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد حاصل کر لیئے ہیں جبکہ معاملے کی نوعیت کا اندازہ لگانے کیلئے تکنیکی بنیادوں پر تفتیش شروع کر دی گئی ہے،پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والی گاڑی کی مختلف روٹس پر لگے کیمروں سے مزید فوٹیجز حاصل کی جارہی ہے، جلد ہی مغوی تاجر کو بازیاب کرا لیا جائے گا۔دوسری طرف پشاور کی تاجر برادری نے دن دیہاڑے بزرگ تاجر رہنما کے اغوا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ شہر میں جرائم میں اضافہ ہو چکا ہے اور کاروباری برادری عدم تحفظ کا شکار ہے ،تاجر برادری نے پولیس سے حاجی اکرام کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں