شیخوپورہ (سٹاف رپورٹر) قلعہ ستار شاہ کے قریب ایک ٹرین ٹریک پر کھڑی دوسری ٹرین سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 20 مسافرزخمی ہوگئے، غفلت برتنے پر چار اہلکاروں کومعطل کردیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق فیروزوالا قلعہ ستار شاہ کے قریب میانوالی سے لاہور جانے والی ٹرین پٹڑی پر کھڑی مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی، ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں پانچ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرین کا کانٹا تبدیل نہ کرنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، اکثر لوگ سو رہے تھے کہ اچانک حادثہ پیش آنے پر ہر طرف شور مچ گیا۔
