موٹروے پولیس کی اوورلوڈنگ،اوور چارجنگ مہم کا آغاز ہو گیا

لاہور(سٹاف رپورٹر)بڑی عید کے موقع پر گھروں کو واپس لوٹنے والے مسافروں سے زائد کرایہ وصول اور اوور لوڈنگ کرنے والی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے خلاف موٹروے پولیس نے اپنی مہم کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ڈی آئی جی شاہد جاوید کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز ٹریفک قوانین کی پابندی کریں،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق ہائی وے پر اوور لوڈنگ/اوورچارجنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے،موٹروے پولیس کی جانب سے مسافر گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے،اوور لوڈنگ اور مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ڈی آئی جی شاہد جاوید کا کہنا تھا کہ مسافر گاڑیاں اوورلوڈنگ،اوور چارجنگ سے گریز کریں،زائد کرایہ وصول کرنے پر ٹرانسپورٹر مالکان کے خلاف ایکشن لیا جائے گا،ٹرانسپورٹرز ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ڈی آئی جی شاہد جاوید نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولنگ افسران ٹال پلازہ پر الرٹ رہیں۔دوسری طرف ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر مخصوص پوائنٹس پر اضافی نفری اور سپیشل سکواڈ موجودہیں ،خصوصی مہم کا آغاز آئی جی موٹرویز سلطان علی خواجہ کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ دوران سفر معلومات، شکایات اور مدد کے لیے 130 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں