ماہ صیام کی آمد آمد ،ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان چھونے لگیں

لاہور(سٹاف رپورٹر ) رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مارکیٹوں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے ۔
جڑواں شہر راولپنڈی اور اسلام آباد میں 2 ماہ قبل ڈھائی سو روپے میں بکنے والی دال ماش ہول سیل مارکیٹ میں 400 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے ،دال مونگ کی قیمت 200 سے بڑھ کر ڈھائی سو روپے تک پہنچ گئی ہے ، دال چنا 180 روپے سے بڑھ کر 230 روپے کردی گئی جب کہ سفید چنے کی قیمت کو بھی پر لگ گئے، جس کے نتیجے میں قیمت 250 روپے سے بڑھ کر 400 روپے کلو تک پہنچ گئی۔
ہول سیل مارکیٹ ڈیلرز کے مطابق لال لوبیا 300 روپے سے بڑھ کر 400 روپے کلو تک پہنچ گیا ہے۔ علاوہ ازیں چینی بھی 70 روپے کلو فی کے بجائے 95 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے جب کہ اچھا گھی 520 روپے کلو سے بڑھ کر 650 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
راولپنڈی میں رمضان المبارک سے قبل مشروبات کی قیمتوں میں بھی 20 سے 30 فیصد اضافہ ہوگیا۔ اس کے علاوہ ایرانی کھجور 350 روپے سے بڑھ کر 650 روپے ہوگئی اور پاکستانی کھجور 300 روپے سے بڑھ کر 750 روپے فی کلو ہوچکی ہے۔
شہر میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ ہوگیا، جس کے بعد چکن فی کلو 750 روپے تک پہنچ گیا جب کہ زندہ مرغی کی قیمت عام مارکیٹ میں 450 سے تجاوز کرگئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں