مدینہ (فارن ڈیسک) سعودی عرب میں خاتون کو نامناسب اشارہ کرناغیرملکی ڈرائیور کو مہنگا پڑگیا کیونکہ الزام ثابت ہونے پر مصری شہری کو چھ ماہ قید اورتین ہزار ریال جرمانہ کی سزا سنادی گئی ، سزا کاٹنے کے بعد مجرم کو مملکت سے ڈی پورٹ بھی کیاجائے گا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی شہرمدینہ میں ایک مصری بس ڈرائیور نے خاتون کو نازیبا اشارہ کیا تھا جس پر خاتون نے اس کی وڈیو بنائی اور اسے پولیس کو ارسال کردی جس کی مدد سے پولیس نے متعلقہ شخص کو گرفتار کرلیا۔ ابتدائی سزا کے خلاف اپیل دائر کی گئی جس پر اپیل کورٹ نے ابتدائی فیصلے کی توثیق کردی ۔
