سالگرہ دبئی میں نہ منانے پر بیوی نے شوہرکو مکا مار کر ہلاک کر دیا

سالگرہ دبئی میں نہ منانے پر بیوی نے شوہرکو مکا مار کر ہلاک کر دیا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کو سالگرہ پر دبئی نہ لے جانے پر مکا مار کے ہلاک کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں پیش آیا جہاں ایک 38 سالہ شخص کی موت اس وقت ہوئی جب اس کی بیوی نے مبینہ طور پر اس کے چہرے پر گھونسا مارا۔پولیس کے مطابق خاتون اپنی سالگرہ منانے کے لیے دبئی نہ لے جانے پر شوہر سے خفا تھی۔ مذکورہ واقعہ جمعے کی شام کو پیش آیا، مرنے والے شخص کا نام نِکھل کھنہ تھا جو کہ ایک رئیل اسٹیٹ ڈیویلپر تھا۔پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اس شخص کی 36 سالہ بیوی رینوکا کی 18 ستمبر کو سالگرہ تھی، رینوکا اپنی سالگرہ دبئی میں منانا چاہتی تھی لیکن اس کے شوہر نے اس کا مطالبہ پورا نہیں کیا۔اس کے علاوہ 5 نومبر کو اس جوڑے کی شادی کی سالگرہ بھی تھی اور وہ اپنے شوہر سے کسی اچھے تحفے کی توقع کر رہی تھی، خاتون کا اس لیے بھی موڈ خراب تھا کیونکہ وہ اپنے رشتے دار کی سالگرہ پر دہلی جانا چاہتی تھی لیکن شوہر کی طرف سے کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔اسی بات کو لے کر جمعہ کی شام دونوں میں اچھی خاصی لڑائی ہوئی، اس دوران غصے میں آکر خاتون نے اپنے شوہر کی ناک پر مکا مارا جس سے بہت خون بہنے لگا اور وہ بے ہوش ہو گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پڑوسیوں کی طرف سے اطلاع ملنے کے بعدپولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور متاثرہ شخص کو اسپتال لے گئی جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا خاتون نے اپنے شوہر کو صرف اپنی مٹھی یا پھر کسی اور چیز سے مارا، تاہم موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔ملزمہ خاتون کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور اس وقت وہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں