یروشلم (فارن ڈیسک ) حماس نے اسرائیل کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ آپریشن طوفان الاقصی میں اسرائیل پر پانچ ہزار میزائل داغے جا رہے ہیں، ادھر اسرائیل کے طول وعرض میں خطرے کے سائرن بج اٹھے اور اسرائیلی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ غزہ سے عسکریت پسند اسرائیلی علاقوں میں گھس گئے ہیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس کے عسکری بازو عز الدین القسام کے کمانڈر محمد الضیف ابو خالدکی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن طوفان الاقصی میں اسرائیل پر پانچ ہزار میزائل داغے جا رہے ہیں جبکہ آپریشن میں ایک خاتون کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں ، غزہ کے مختلف علاقوں سے راکٹ باری کی آوازیں گونج رہی ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی فوج نے جنگی حالات کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے ریزرو فوجیوں کو طلب کرنے کی منطوری بھی دی ہے۔
