لاہور(کرائم رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم نوید کے موبائل فون کی فارنزک رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
’پاکستان ٹائم ‘کے مطابق آزادی مارچ کے دوران عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے مبینہ ملزم نوید کے موبائل کا ڈیلیٹ ڈیٹا ریکورنہیں کیا جاسکا،تفتیش کیلئے 3 اہم نمبرز مل گئے ہیں،موصول ہونے والی فرانزک رپورٹ کے مطابق فون سے 138نمبرز،ایک ہزار 869 کالز کا ریکارڈ ملا،ملزم نوید کے فون سے 2 مختلف کمپنیوں کی سمز برآمد ہوئی ہیں۔مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو آڈیو،ویڈیو ریکارڈ دے دیا گیاہے۔فرانزک رپورٹ کے مطابق فون میں موجود تھائی لینڈ کا ایک نمبر اہم ہے،تفتیش کے لیے 2 مقامی نمبر بھی اہم ہیں۔ملزم کے واٹس ایپ گروپ میں ایک نمبر علی رضا کے نام سے محفوظ تھا۔ اس کے علاوہ ملزم کے فون سے 337 ایس ایم ایس 1956 تصاویر، 499 گفتگو کی کالز اور 212 ویڈیوز ملی ہیں،جس کے بعد فون کا تمام آڈیو اور وڈیو ریکارڈ جے آئی ٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے تاہم ملزم کے فون سے ڈیلیٹ کیا گیا ڈیٹا ریکور نہیں کیا جا سکا ہے۔
